19 اکتوبر 2011 - 20:30

ایران کی قومی گیس ایکسپورٹ کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر حسین بدر مغز نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ گیس پائپ لائن منصوبے کے تحت اپنی حدود میں 960 میں سے 800 کلومیٹر تک پائپ لائن بچھانے کا کام مکمل کر لیا ہے، چنانچہ ایران برادر ملک کو گیس کی فراہمی کا عمل معاہدے میں طے شدہ وقت سے پہلے شروع کرنے کیلئے تیار ہے۔

ابنا: ایران نے پاکستان کو گیس پائپ لائن معاہدے میں طے شدہ وقت سے قبل ہی گیس کی فراہمی شروع کرنے کی پیشکش کر دی جبکہ پاکستان کی درخواست پر روزانہ کی بنیاد پر گیس کی فراہمی کا حجم بڑھانے کے معاملے پر دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کا نیا دور تہران میں شروع ہو گیا۔ بدھ کو ایرانی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ایران کی قومی گیس ایکسپورٹ کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر حسین بدر مغز نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ گیس پائپ لائن منصوبے کے تحت اپنی حدود میں 960 میں سے 800 کلومیٹر تک پائپ لائن بچھانے کا کام مکمل کر لیا ہے جبکہ بقیہ 160 کلومیٹر حدود میں پائپ لائن بچھانے کا کام 2012ء میں مکمل کر لیا جائے گا، چنانچہ ایران برادر ملک کو گیس کی فراہمی کا عمل معاہدے میں طے شدہ وقت سے پہلے شروع کرنے کیلئے تیار ہے۔ ادھر ایرانی نائب وزیر تیل جاوید اوجی نے بتایا کہ پاکستان نے گیس پائپ لائن منصوبے کے تحت ستمبر میں روزانہ کی بنیاد پر گیس کی فراہمی کا حجم 21.5 ملین کیوبک میٹر سے بڑھا کر 30 ملین کیوبک میٹرز کرنے کی درخواست پر دونوں ممالک کے درمیان بات چیت ہو رہی ہے، تاہم ایران کی جانب سے پڑوسی ملک کو گیس کی فراہمی کا حجم بڑھانے کے حوالے سے کسی قسم کی کوئی رکاوٹیں نہیں ہیں۔

...........

/169